فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کے خلاف کل کتنے مقدمات ہیں؟ جسٹس باقر کی جواب طلبی

لاہور ہائی کورٹ نے فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی جانب سے اپنے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سربراہ پنجاب پولیس سمیت دیگر متعلقہ افسران سے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست گزار کے وکیل کے ابتدائی دلائل سنے، درخواست گزار خدیجہ شاہ 9 مئی کے پر تشدد واقعات سے متعلق متعدد مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

جج لاہور ہائی کورٹ نے لا افسر کو ہدایت کی کہ وہ آج 10 اکتوبر بروز منگل کو مدعا علیہان کی جانب سے جواب جمع کرائیں۔

درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ سمیر کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے انہیں مقدمات میں جھوٹا نامزد کیا جب کہ انہوں نے 9 مئی کو کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا تھا۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ منصفانہ ٹرائل کے لئے درخواست گزار کو یہ حق حاصل ہے کہ اسے معلوم ہو کہ اس کے خلاف کونسے مقدمات درج ہیں۔