امریکہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے رہنماؤں نے حماس کے حملوں کے خلاف دفاع کی کوششوں میں اسرائیل کی حمایت کا عہد کرلیا ہے ۔
امریکی صدر جوبائیڈن،فرانسیسی صدر امانویل ماکروں، جرمن چانسلراولاف شولز،اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی اور برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے مشترکہ اعلامیئے میں کہا کہ ہم فلسطینی عوام کی جائز امنگوں کو تسلیم کرتے ہیں لیکن حماس فلسطینی عوام کو مزید دہشت گردی اور خونریزی کے علاوہ کچھ نہیں دے سکتی۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیرجان کربی نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل۔ فلسطین تنازع میں امریکی فوجیوں کو میدان میں لانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
فرانسیسی صدارتی محل کا کہنا ہے کہ امریکہ اور یورپی ر ہنماؤں نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع کو بڑھانے سے باز رہے۔
دوسری جانب چین کے دورے پر موجود اعلیٰ امریکی سینیٹر چک شومرنے بیجنگ میں چینی وزیرخارجہ وانگ یی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے چین سے اسرائیل کی حمایت کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک سینکڑوں فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غزہ میں ہلاک فلسطینیوں میں 140 بچے اور 105 خواتین بھی شامل ہیں،غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 3 ہزار 726 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں