گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے صوبے کی تمام جامعات میں بصارت سے محروم افراد کو فری تعلیم دینے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں یوم سفید چھڑی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر غلام علی کا کہنا تھا کہ سسٹم کی ناکامی سمجھاتا ہوں کہ بصارت سے محروم افراد مشکلات سے دوچار ہیں، مشکلات کے باوجود نابینا افراد کے دل میں پاکستان اور ریاستی اداروں کے لیے محبت ہے، نگران صوبائی حکومت نابینا افراد کے مسائل کا ایجنڈا بھیج دیں تاکہ میں سارے سٹیک ہولڈرز کو بلاکر اس کو حل کرسکوں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت جاری کرتا ہوں کہ ایک یا دو نابینا افراد کو کسی نہ کسی جگہ نوکری دی جائے، میں صوبے کی تمام جامعات میں بصارت سے محروم افراد کو فری تعلیم دینے کا اعلان کرتا ہوں، جامعات نابینا افراد کو جیب کا خرچ تک دیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ میں بات کی جائے کہ نواحی علاقوں میں نابینا افراد کے لیے اسکولز تعمیر کیے جائیں، آئین پاکستان میں سب کی تعلیم کا ذمہ حکومت کا ہے لیکن وسائل کی کمی کی وجہ سے مسائل سامنے آرہے ہیں۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ ہیلی کی ویڈیوز جو آئی ہیں اس کی مکمل تحقیقات کرنی چاہیئے، میں سیکیورٹی کے بغیر کہیں نہیں جاسکتا ،صرف ایک بچہ میرے ساتھ تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، فلسطین کے معاملے پر ریاست پاکستان نے جو مؤقف دیا ہے وہ ہی ہمارا مؤقف ہے۔