جاپان کا غزہ کے لیے 1 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

ٹوکیو: جاپان کی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے اعلان کیا کہ جاپان غزہ کے لیے 10 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد بھی فراہم کرے گا۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ جاپان حماس اور اسرائیل کی جنگ پر ایران کے ساتھ بات چیت کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ امیرعبداللہیان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرنے کی تیاری کے آخری مراحل پر ہیں۔

ان کا یہ بھی کہا کہ جاپان کو امید ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور صورت حال جلد سے جلد پُرسکون ہو جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جاپان 7 ترقی یافتہ ممالک کے گروپ کا موجودہ سربراہ ہے اور جاپان نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کے ساتھ نظر رکھی ہوئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ اسرائیل حماس تنازعے کے تمام فریق بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں تقریباً 900 جاپانی شہری موجود ہیں، حکومت نے اس ہفتے کے دوسرے نصف میں انہیں جاپانی فوجی طیاروں کے ذریعے نکالنے کا منصوبہ بنایا ہے۔