خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کل تک 12 سے 13 فیصد کمی لانے کا دعویٰ کر دیا ہے۔ کرایوں کی چیکنگ کے لئے انسپکشن ٹیمیں اور رہزنی کے واقعات کی روک تھام کے لئے خصوصی سیل تشکیل دے دی ہے، غیرقانونی طور پر مقیم افراد 31 اکتوبر تک نہیں گئے تو کارروائی ہوگی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر فیروز جمال نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی کی قیمت میں کمی آئی اس لئے اب عوام کو ریلف دینے کا وقت آگیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ چیف سیکرٹری نے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ بیٹھ کر لاحہ عمل طے کریں گے جبکہ کرایوں کی چیکنگ کے لئے انسپکشن ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ متعلقہ اداروں کو احکامات بھی دیے ہیں کہ کل سے کرایوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔
بیرسٹر فیروز جمال شاہ کے مطابق ایپکس کمیٹی اجلاس میں افغان مہاجرین سے متعلق نہیں بلکہ غیرقانونی مقیم غیر ملکی افراد سے متعلق فیصلے ہوئے تھے اور غیرقانونی طور پر مقیم افراد نے 31 اکتوبر تک ملک نہ چھوڑا تو ان کے خلاف کاروائی ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کسی افغان شہری کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکھٹا ہورہا ہے۔ جو بھی غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں وہ اپنے ممالک واپس جائیں اور قانونی طریقے سے واپس آجائیں۔
فیروز جمال نے مزید کہا کہ پشاور میں رہزنوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے طالبعلم کا ملزم پکڑا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں اسمگلنگ ختم ہونے کا بھی دعوی کیا۔