سوات میں آئی جی کے پی کے نے 2 تھانوں کا افتتاح کر دیا

آئی جی خیبر پختون خوا اختر حیات خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا پہلے بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آج بھی مورال بلند ہے۔ 

انہوں نے تحصیل مٹہ میں 2 پولیس اسٹیشنوں کا افتتاح کر دیا۔

آئی جی پولیس اختر حیات خان نے اس موقع پر مٹہ چپریال میں علاقہ عمائدین سے ملاقاتیں اور میڈیا سے گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی نے گزشتہ سال دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سوات، باجوڑ اور ملاکنڈ ڈویژن میں پولیس نے اچھا کام کیا جبکہ بنوں اور ڈی آئی خان میں حالات زیادہ خراب ہوئے۔

آئی جی خیبر پختون خوا نے مزید کہا کہ نئے تھانے اور پولیس چوکیاں بنائی جا رہی ہیں، سوات کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی چوکیاں بنائی گئی ہیں، امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سوات اور خصوصاً مالاکنڈ ڈویژن میں امن کی صورتِ حال بہتر ہے، پہلے بھی دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مورال آج بھی بلند ہے۔