کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، ہلاکتیں

کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ 18 باراتی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق تارکی کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر باراتیوں کی پک اپ الٹ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے کے رضا کار، ایف سی اہلکار اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔

امدادی کارکنوں نے گاڑی میں سے بچوں سمیت 18 زخمیوں کو نکال کر خضدار اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے دو بچوں کی موت کی تصدیق کردی۔


ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے زیادہ ہیں، جنہیں خضدار اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے تاہم اُن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔

زخمیوں نے بتایا کہ حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی اور گاڑی تیز رفتاری کے باعث چلانے کی وجہ سے پیش آیا جبکہ متعدد بار اُسے تیز گاڑی چلانے سے روکا بھی تھا۔