ایک کروڑ مالیت کی چوری میں ملوث ملزم مقابلے میں ہلاک

کراچی سپر ہائی وے گلستان سوسائٹی کے گھر میں ایک کروڑ مالیت سے زائد کی چوری میں ملوث ملزم کو پولیس نے ہلاک کردیا، رات گئے شہر کے مختلف مقامات پر مقابلوں کے دوران 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

گلستان جوہر میں مقابلے کے دوران ہلاک ملزم کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا، پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم راشد نے دیگر دو ساتھیوں سمیت سپر ہائی وے گلستان سوسائٹی کے گھر میں گزشتہ دنوں چوری کی تھی۔

 ملزمان شادی کے گھر سے ایک کروڑ  سے زائد مالیت کے زیورات اور غیر ملکی کرنسی چوری کرکے فرار ہوئے تھے۔

پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے چوری میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم یاسر کی نشاندہی پر گزشتہ شام گلستان جوہر میں چھاپہ مار کارروائی کی تو ملزم سے مقابلہ ہوا، مقابلے کے دوران ملزم مارا گیا۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ چوری شدہ زیورات اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

دوسری جانب اے وی ایل سی نے پہلوان گوٹھ اور احسن آباد کے قریب مبینہ مقابلوں کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ماڑی پور روڈ پر بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار ملزم نعیم خاصخیلی کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے قبضے سے دستی بم برآمد کیا گیا۔