اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اس بار الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوگی اور پھر نواز شریف کو وزیر اعظم بنایا جائیگا۔
یہ تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے کہ الیکشن سے قبل ہی عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ کس کو وزیر اعظم بنایا جارہا ہے۔مجھے نہیں لگتا کہ الیکشن سے ملکی استحکام آئیگا بلکہ مزید سیاسی استحکام آئیگا جس سے ملکی معیشت پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمن سے ملاقات سیاسی نہیں تھی،سیاست دانوں کی بات چیت ہوتی رہتی ہے،سیاسی میدان میں ہم مخالف نظر آئیں گے،کسی سے اتحاد نہیں کریں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکشن سے قبل سب کو پتہ ہے کس کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے، شفاف آزادانہ انتخابات ہو گئے تو پھر نواز شریف مکمل فارغ ہے،لگتا ہے اس بار انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی جائے گی۔
کون اس جمہوریت اور انتخابات کو مانے گا، اس سے استحکام نہیں آئے گا، تحریکیں اٹھیں گی،معیشت پر اثر پڑے گا اور خدانخواستہ انارکی ہوگی،نواز شریف ڈیل کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے،نواز شریف بتائیں اب کہاں ہیں ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ۔
اسد قیصر نے کہا کہ نواز شریف نے کریئر کے آغاز سے لے کر آج تک ڈیلز ہی کی ہیں،ایک طرف عمران خان کی ضمانت منسوخ اور دوسری جانب مجرم کو ریلیف مل رہا ہے،کیا الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے گا کہ نگران حکومت نے کیسے نواز شریف کی سزا معطل کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مفاہمت چاہتے ہیں اور مفامت کا مطلب آئین اور قانون کی عملداری اور لیول پلینگ فیلڈ ہے۔نواز شریف کے پاس کون سا فارمولا ہے جو 16 ماہ میں بھائی کو نہیں بتا سکے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں سے بات نہیں ہوتی لیکن ان سب نے اپنی سیاست ختم کر لی۔ایک بات سب لوگ سمجھ لیں ہم کسی سے انتخابی الحاق کا ارادہ نہیں رکھتے۔