ایبٹ آباد : سٹون کرشنگ سے پہاڑوں میں دراڑیں : متعدد مکانات تباہ

گھوڑا گلی کے قریب غیر قانونی اسٹون کرشرز کی ہیوی بلاسٹنگ سے پہاڑوں میں دراڑیں پڑگئیں اور  ٹوٹنے والی چٹانوں نے متعدد مکان بھی تباہ کردیے۔

تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں گھوڑا گلی کےقریب غیرقانونی اسٹون کرشنگ اور دھماکوں سے پہاڑوں میں دراڑیں پڑگئیں، ہیوی بلاسٹنگ سے بھاری چٹانیں مقامی آبادی میں جا گریں جس کے نتیجے میں دو مکان تباہ اور متعدد مویشی ہلاک ہوگئے جبکہ رہائشیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہاڑ میں دراڑیں پڑ رہی ہیں جبکہ مذکورہ ویڈیومیں ہیوی بلاسٹنگ سےپہاڑگرتے دیکھا جاسکتا ہے، واقعے پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چٹانوں سے ٹوٹنے والے درخت مرکزی شاہراہ پر رکھ کر سڑک بند کردی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے تین سال قبل اسٹون کرشنگ بند کرنےکا حکم دیا تھا لیکن بااثرمالکان نے مقامی پولیس اورایبٹ آباد ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے اسٹون کرشرز پر کام جاری رکھا ہوا ہے۔