آئی ایم ایف مشن پاکستان پہنچ گیا ، مذاکرات کا آغاز آج سے ہوگا

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا مشن اقتصادی جائزہ لینے پاکستان پہنچ گیا، آئی ایم ایف سےمذاکرات کا آغازآج سے ہوگا، پہلے مرحلے میں ٹیکنیکل مذاکرات میں ڈیٹاشیئرنگ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) مشن پاکستان پہنچ گیا . آئی ایم ایف مشن میں 8 افراد شامل ہیں ، ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں وزارت خزانہ میں قائم آئی ایم ایف آفس کے2 لوگ شریک ہوں گے جبکہ مجموعی طور پر 10 افراد15 تاریخ تک معاشی ٹیم سے مذاکرات کریں گے، آئی ایم ایف ٹیم کا پہلا تعارفی سیشن نگران وزیر خزانہ اور معاشی ٹیم سے ہوگا۔

آئی ایم ایف سے مذاکرات کا آغاز آج ہوگا ، حکام نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں ٹیکنیکل مذاکرات میں ڈیٹا شیئرنگ ہوگی، وزیر خزانہ شمشاد اختر مذاکرات میں پاکستانی ٹیم کی سربراہی کریں گی، سیکریٹری خزانہ امداد بوسال اور چیئرمین ایف بی آرامجدزبیر معاونت کریں گے جبکہ پاکستان کیلئے مشن چیف نیتھن یاؤ آئی ایم ایف ٹیم کی سربراہی کریں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام اہداف حاصل کرلیے، ڈیزل پر لیوی 55 سے بڑھا کر 60روپے کرنےسےآخری ہدف بھی حاصل ہوگیا ہے اورگیس کے ریٹ بڑھا کر اہم ترین ہدف بھی حاصل کرلیا گیا ہے تاہم جائزے کی کامیابی آئی ایم ایف کو مطمئن کرنے سے مشروط قرار دی ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ پہلےجائزےکے لئے آئی ایم ایف کی تمام اہم شرائط پوری کرلیں، پاکستان کامیابی سےپہلےجائزےکی تکمیل کیلئےپرامیدہیں، آئی ایم ایف کیلئے پہلی سہ ماہی کارکردگی قابل قبول ہوناضروری ہے،جائزے کی کامیابی پرپاکستان کوتقریبا70کروڑڈالرزکی قسط ملےگی۔