اسلام آباد : پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سبز توانائی کی منتقلی کا معاہدہ طے پا گیا، سفیر ڈنمارک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے آنے والے کرائسز میں ڈنمارک پاکستان کیساتھ ہر سطح پر کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ڈنمارک میں سبز توانائی ’’گرین ٹیک ‘‘ کی منتقلی کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا، اس موقع پر ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف نے گریم ٹیک انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے پاکستان میں سبزتوانائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔
،سفیر ڈنمارک کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ، پاکستان کے خوبصورت نظاروں کا گواہ ہوں بہت خوبصورت ملک ہے۔
انھوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی،سیلابی تباہ کاری ،گلیشئرپگھلنا سب نے لوگوں کو خطرے میں ڈالا ہے ، ہمیں اس صورتحال کو خطرے کی گھنٹی کے طور پر لینا چاہئے، اس کرائسز میں ڈنمارک پاکستان کیساتھ ہر سطح پر کھڑا ہے۔
جیکب لینولف نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے نقصان کو پورا کرنے میں مدد کرے۔
یاد رہے نگراں وزیر برائے توانائی محمد علی کی پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں نگراں وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں صاف توانائی کی طرف انتہائی ضروری تبدیلی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔
پاکستان کے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زیادہ خطرے کا شکار ہونے کی وجہ سے اسے ملکی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنا اور اس کو کم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اپنی مہارت اور تجربے کی بنیاد پر ڈنمارک کی مدد یقینی طور پر پاکستان کے لیے گرین انرجی مکس کی جانب منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی کے اہداف اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے پاکستان کے وعدوں کو پورا کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔