این ایف سی ایوارڈ، صوبوں کو فنڈز کی فراہمی میں 23 فیصد نمو ریکارڈ

نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ(این ایف سی)کے تحت وفاق سے صوبوں کو فنڈز کی فراہمی میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 23.61 فیصد کی نموہوئی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعداد وشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2023) کے دوران این ایف سی کے تحت وفاق سے صوبوں کو 10 کھرب، 88 ارب 20 کروڑ، ایک لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں 23.61 فیصدزیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں این ایف سی کے تحت وفاق سے صوبوں کو 8 کھرب، 80 کروڑ، 34 لاکھ 70 ہزارروپے کے فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔

صوبہ سندہ کوجاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں این ایف سی کے تحت 2 کھرب، 61 ارب، 54 کروڑ، 50 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے خیبرپختونخوا کو این ایف سی کے تحت ایک کھرب، 77 ارب، 6 کروڑ، 30 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے، بلوچستان کوایک کھرب، 23 ارب، 70 کروڑ 80 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے۔