اوگرا نے گیس کی قیمت میں اضافہ کردیا ،نئی قیمت کا اطلاع یکم نومبر سے ہوگا

 اسلام آباد: اوگرا نے گیس کی قیمت بڑھانے کی منظوری دے دی، نئی قیمت کا اطلاع یکم نومبر سے ہوگا۔

 وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد آج اوگرا نے بھی گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی اور اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔

اوگرا کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔

ماہانہ 25 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کےلیے نرخوں میں سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اور قیمت  200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

ماہانہ 60 مکعب میٹر استعمال کرنے والے گیس صارفین کے لیے نرخوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اور قیمت 300 سے بڑھا کر 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔

ماہانہ 100 مکعب میٹر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے گیس کی قیمت 400 سے بڑھا کر 1000 روپے، ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 600 سے بڑھا کر 1200 روپے ، 200 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے پر صارفین کے لیے گیس کی قیمت 800 سے بڑھا کر 1600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔

300 مکعب میٹر استعمال کرنے والوں کے لیے نرخوں میں 1900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اور گیس کی قیمت 1100 سے بڑھ کر 3000 روپے کر دی گئی ہے۔

400 مکعب میٹر استعمال کرنے والے گیس صارفین کے لیے نرخوں میں 1500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اور قیمت  2000 سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔

ماہانہ 400 مکعب میٹر سے زائد استعمال پر قیمت 3100 سے بڑھا کر 4000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔