پی ٹی سی ایل کے انوکھے اقدام کی وجہ سے ٹیلیفون صارفین کو اپنے پیپر بل کے حصول کیلئے مزید مالی بوجھ برداشت کرنا ہوگا۔
ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق یہ فیصلہ پیپر فرینڈلی ماحول کیلئے کیا گیا ہے جس کے تحت پی ٹی سی ایل نے یکم جنوری 2024 سے اپنے صارفین سے پیپر بل کی مد میں 50 روپے ماہانہ وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ پیپر بل کی مد میں صارفین کو 50 روپے ماہانہ ادا کرنا ہوں گے تاہم ای بل انہیں مفت فراہم کیا جائے گا اس کیلئے صارفین کو خود کو رجسٹر کرانا ہوگا اور جو صارفین پیپر بل لیں گے انہیں اس کیلئے 50 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
پی ٹی سی ایل ترجمان نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ پیپر فرینڈلی ماحول کے لیے کیا گیا ہے اور یکم جنوری سے ملک کے تمام بڑے شہروں میں اس پر عمل شروع کردیا جائے گا تاہم ملک کے دور دراز افتادہ علاقوں اور چھوٹے شہروں میں پیپر بل بلامعاوضہ فراہم کیا جائے گا۔