سان ڈیاگو: امریکا میں شہری کچھ روشنیوں کو اڑن طشتریاں سمجھتے رہے اور خوش ہوتے رہے، تاہم بعد میں یہ روشنیاں کچھ اور ہی نکلیں۔
خبر ر رساں اداروں کے مطابق امریکا میں کیلی فورنیا ریاست کے شہر سان ڈیاگو میں شہریوں نے کچھ روشنیاں دیکھیں اور گمان کیا کہ یہ اڑن طشتریاں ہیں، تاہم بعد ازاں پتا چلا کہ یہ اڑن طشتریاں نہیں بلکہ امریکی بحریہ کی پیرا شوٹ ٹیم تھی۔
شہریوں نے روشنیوں کو اڑن طشتری سمجھتے ہوئے تصاویر اور وڈیوز بنا کر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردی، جس پر ایک جانب حیرانی کا اظہار کیا گیا تو وہیں دلچسپ تبصرے بھی کیے گئے۔
بعد ازاں امریکی بحریہ کی پیرا شوٹ ٹیم کی جانب سے سوشل میڈیا ہی پر ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ یہ روشنیاں اڑن طشتریاں نہیں بلکہ فلیئرز ہیں جو ٹیم ویمنز سوکر لیگ کے سیمی فائنل کے درمیان سان ڈیاگو کی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے اٹھائے ہوئے ہے۔
بیان میں وضاحت دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ اگر آپ نے شام 6 بج کر 20 منٹ کے قریب سان ڈیاگو کےآسمان پر اڑن طشتری دیکھی ہے تو ممکنہ طور پر وہ اڑن طشتری نہیں بلکہ ان کی ٹیم تھی جو اسٹیڈیم کی طرف جا رہی تھی۔