کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے رواں ہفتے آئی فون صارفین کو درپیش مسائل کے حل سمیت متعدد سیکیورٹی اپ ڈیٹس کا حامل آئی او ایس کا تازہ ترین ورژن 17.1.1 متعارف کرادیا۔
اپ ڈیٹ کے بعد متعدد صارفین نے آئی او ایس کے نئے ورژن کے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ ان کی ڈیوائس کی بیٹری کو ضائع کر رہی ہے۔
ایپل کی جانب سے 17.1.1 کو رواں ہفتے آئی فون 15 کے مخصوص گاڑیوں میں وائر لیس چارجنگ کے استعمال کے دوران ہونے والے مسئلے کے حل کے لیے جاری کیا گیا۔
جاری ہونے والی اس نئی اپ ڈیٹ میں ویدر لاک اسکرین وجٹ کے ساتھ ہونے والے مسئلے کو بھی حل کیا گیا۔
جہاں اس اپ ڈیٹ نے آئی فون صارفین کے متعدد مسائل حل کیے وہیں صارفین نے اپ ڈیٹ کے بعد بیٹری ضائع ہونے کے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ آئی او ایس 17.1.1 اپ ڈیٹ کرنے کے بعد فون گرم ہو رہا ہے اور بیٹری ضائع ہورہی ہے۔