آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخوا عثمان محسود کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی جیلوں میں موجود جرائم پیشہ افغان قیدی اپنی سزاء پوری کریں گے، اس کے علاوہ دیگر کو ہولڈنگ سیںٹرز کے ذریعے واپس بھیجا جارہا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں آئی جی جیل خانہ جات عثمان محسود نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی جیلوں میں 2 قسم کے افغان قیدی موجود ہیں، ان میں فارن ایکٹ اور جرائم پیشہ قیدی شامل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ صوبے کی جیلوں میں 14 فارن ایکٹ کے 3 سو غیر قانونی افغان قیدی موجود ہیں ان قیدیوں کو روزانہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جارہا ہے۔ اور ان قیدیوں کو ہولڈنگ سینٹرز کے ذریعے واپس ڈی پورٹ کیا جارہا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخوا عثمان محسود کا مزید کہنا تھا کہ دستاویزات فراہم نہ کرنے پر غیرملکیوں کو بسوں کے ذریعے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کردیا جاتا ہے۔