پشاور: نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی کو ہنگامی بنیادوں پر فعال بنانے کی ہدایت کردی۔
سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت شعبہ اعلی تعلیم میں اصلاحات پر اجلاس ہوا جس میں نگران صوبائی وزیر اعلی تعلیم اور صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری اعلی تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی کو ہنگامی بنیادوں پر فعال بنانے، یونیورسٹیوں کو مالی طور پر خود انحصار بنانے کے لئے فنانشل پلانز تیار کرنے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر کمیٹی کی رکنیت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی کیلیےمیرٹ اور دیگر تقاضوں کے ساتھ امیدوار کی انتظامی صلاحیتوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، تعلیمی نظام کا معیار بلند کرنے کیلیے بنیادی تعلیم سے ہی ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا۔