نگراں حکومت نے ٹیکس چوری روکنے کےلیے بڑا قدم اٹھا لیا۔ ایف بی آر اور نادرا کی کمیٹی قائم کردی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) نے ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کرلیا۔
نادرا اور ایف بی آر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کی تکنیکی کمیٹی قائم کرتے ہوئے حکومت نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نادرا اور ایف بی آر کی کمیٹی کی سربراہی چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ڈیٹا اور آئی ٹی انفرااسٹرکچر کے ذریعے ٹیکس نیٹ بڑھانے کےلیے سفارشات تیار کرے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی ایف بی آر کے آئی ٹی انفرااسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کےلیے تجاویز دے گی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور نادرا ٹیکس دہندگان کی اصل آمدن کا جائزہ لیں گے، نئے ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن اور نان فائلر کے ٹیکس پروفائل کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آر اور نادرا کے درمیان ڈیٹا کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔