ملکی حالات سے مایوس افراد کی شرح میں کمی

ملک کے عمومی اور معاشی حالات سے مایوس پاکستانیوں کی شرح میں کئی برس بعد واضح کمی سامنے آگئی۔

ملک کی موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان کے اعتماد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

اپسوس پاکستان نے کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس کی چوتھی سہ ماہی کی رپورٹ جاری کردی۔

گزشتہ سروے میں 98 فیصد افراد پاکستان کی سمت پر عدم اعتماد کا اظہار کررہے تھے جو 10 فیصد کم ہوکر 88 فیصد رہ گئے ہیں۔

حالیہ سروے میں ملکی سمت کو درست سمجھنے والے پاکستانیوں کی شرح 10 فیصد اضافے کے بعد 12 فیصد ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں ملکی معیشت کو کم زور کہنے والے پاکستانیوں کی شرح بھی 16 فیصد کمی کے بعد 60 فیصد پر آگئی۔

رپورٹ کے مطابق مستقبل میں معیشت سے پُرامید پاکستانیوں کی شرح 23 فیصد کے واضح اضافے کے بعد 33 فیصد ہوگئی۔ مستقبل میں معیشت سے مایوس پاکستانیوں کی شرح بھی 25 فیصد گھٹ کر 41 فیصد پر دیکھی گئی۔