لاہور:پاکستان ریلویز کو اخراجات کو کم کرنے اور دستیاب ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کے لیے شمسی توانائی کے نظام پر منتقل کر نے کی تیاری شروع کر دی گئی۔
پاکستان ریلویز نے آفیشل ایکس ہینڈل پر اعلان کیا ہے کہ وہ نجی شعبے کی مدد سے سولر پینل کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اس معاملے میں جلد ہی تجاویز طلب کی جائیں گی۔
پاکستان ریلویز نے مسافروں اور ٹرین ڈرائیوروں کی آسانی کے لیے دو ایپلی کیشنز، ’ڈیجیٹل ریلوے ڈرائیونگ سسٹم‘ اور ’آر اے بی ٹی اے‘ ایپس بھی لانچ کیں، جو جدید ترین ٹیکنالوجی اپنانے کا عزم ظاہر کرتی ہیں۔
شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کے تحت 40 ملین روپے کی لاگت سے 45 ریلوے اسٹیشنوں اور پشاور، راولپنڈی، لاہور، ملتان، سکھر اور کراچی ڈویڑن کے دفاتر میں سولر پینل لگائے جائیں گے۔
پہلے مرحلے میں پاکستان ریلویز نے پشاور میں 3، راولپنڈی ڈویڑن میں 5، لاہور ڈویڑن میں 20، ملتان ڈویڑن میں 4، سکھر ڈویڑن میں 5، کوئٹہ ڈویڑن میں 3 اور کراچی ڈویڑن میں 5 پوائنٹس کا انتخاب کیا ہے۔
گزشتہ سال اس وقت کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے تحت بین الاقوامی معیار کے سولر پینل لگائے جائیں گے۔