خیبرپختونخوا میں دوبارہ ایم ڈی کیٹ کا انعقاد ، 40ہزار سے زائد طلباء کی شرکت

خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں 40 ہزار سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔

نقل کی شکایات سامنے آنے پر خیبرپختونخوا حکومت نے 28 ستمبر کو ٹیسٹ منسوخ کیا تھا، جس کے بعد آج ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد کیا گیا۔

ٹیسٹ کیلئے صوبے کے مختلف اضلاع میں 11 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے اور امتحانی مراکز کے آس پاس سو میٹر تک کتابوں، حل شدہ پیپرز، الیکڑانکس آلات پر پابندی عائد رہی، جبکہ موبائل فون ساتھ رکھنے، سیکورٹی اہلکار اور اسٹاف کو بھی موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ٹیسٹ سینڑز کے آس پاس موبائل سگنلز بند اور پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار تعینات رہے۔

نگراں وزیر اعلی خیبرپختونخوا ارشد حسین شاہ نے عبدالولی خان یونیورسٹی میں ایم ڈی کیٹ کے لئے قائم سینٹر کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا، جہاں متعلقہ حکام نے نگران وزیر اعلیٰ کو ایم ڈی کیٹ کے لیے کیے گئے انتظامات بارے بریفنگ دی۔

اس بار اب تک نقل کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔