لائسنس میں توسیع کی درخواست : نیپرا کے 17 سوالات پر کے الیکٹرک حکام کی بریفنگ

نیپرا نے کے الیکٹرک کی لائسنس میں توسیع کی درخواست پر 17 سوالات اٹھائے جس پر کے الیکٹرک کے چیف فنانشل آفیسر عامر غازیانی نے بتایا کہ نجکاری کے بعد کے الیکٹرک نے ہر شعبے میں بہتری دکھائی۔

کے الیکٹرک کے لائسنس کی 20 سالہ مدت جولائی 2023 میں ختم ہوگئی تھی، نیپرا نے کے الیکٹرک کے لائسنس میں 6 ماہ کی عبوری توسیع دے رکھی ہے جو جنوری میں مکمل ہورہی ہے۔

کے الیکٹرک کے لائسنس کی توسیع سے متعلق نیپرا میں سماعت جاری ہے، چیئرمین نیپرا اتھارٹی حکام کے ہمراہ سماعت کر رہے ہیں۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کے درخواست پر 17 سوالات اٹھائے جس پر کے الیکٹرک کے چیف فنانشل آفیسر عامر غازیانی بریفنگ دے رہے ہیں۔

عامر غازیانی نے مؤقف پیش کیا کہ نجکاری کے بعد کے الیکٹرک نے ہر شعبے میں بہتری دکھائی، جنریشن ایفیشنسی 25 فیصد سے 45 فیصد تک اضافہ کیا۔

عامر غازیانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہم نے نجکاری کے بعد سسٹم کافی بہترکیا، نجکاری کے بعد 1957میگا واٹ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا، اور اپنے تقسیمی و ترسیلی نقصانات 15.3 فیصد تک کم کیے۔

حکام کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نجکاری کے وقت کے الیکٹرک کے جوابات 34 فیصد تھے، نجکاری کے بعد سے اب تک 474 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، اور ملکی خزانے کو اس سرمایہ کاری سے70 کروڑ ڈالر کی بچت ہوئی۔