پاکستانی نوجوان کی محبت میں مبتلا ہوکر ہندوستان سے پاکستان آںے والی خاتون انجو 5 ماہ تک پاکستان میں رہنے کے بعد اب ہندوستان واپس چلی گئی ہیں۔
انجو کو ان کے پاکستانی شوہر نصراللہ نے واہگہ بارڈر پر ڈراپ کیا۔
گزشتہ 24 جولائی کو انجو باقاعدہ طور پر ویزا لے کر پاکستان گئی تھیں اور 25 جولائی کو انہوں نے نصر اللہ سے شادی کرکے اپنا نام فاطمہ رکھ لیا تھا۔
ان دنوں انجو میڈیا کی سرخیوں میں تھیں اور ان کی شادی کے ویڈیوز بھی کافی وائرل ہوئی تھیں۔
نصراللہ کا کہنا ہے کہ انجو سے ان کی دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان 4 سالوں سے افیئر چل رہا تھا۔ اس دوران ہم ہر روز ایک دوسرے سے بات کرتے تھے۔
نصراللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انجو نے پہلے شادی کی پیشکش کی تھی۔ اس کے بعد 21 جولائی کو انجو ویزا لے کر ان سے ملنے پاکستان آ گئیں۔ انجو پہلے واہگہ بارڈر اور پھر اسلام آباد کے راستے دیر پہنچی تھیں۔
انجو دراصل اپنے بچوں سے ملنے کیلئے ہندوستان گئی ہیں اور وہ جلد ہی پاکستان واپس آجائیں گی۔
راجستھان میں انجو کے بھارتی شوہر اروند اور ان کے بچے ان سے ناراض ہیں، جب کہ خاندان کے دیگر افراد کا کہنا ہے کہ انجو کی دوسری شادی غلط تھی۔
انجو نے پہلے بھی محبت کی شادی کی تھی اور ان کے بچے فی الحال اپنے والد اروند کے ساتھ رہ رہے ہیں۔
اروند نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ انجو کو کسی بھی حالت میں بچوں سے نہیں ملنے دیں گے۔
اروند نے کہا تھا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں مقامی پولیس کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
اس لئے ممکن ہے کہ اگر انجو اپنے بچوں سے ملنے کی کوشش کرے تو تنازعہ بڑھ جائے۔