شادی سیزن: سونے کی قیمت تین ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئی پاکستان میں سونا مزید مہنگا ہونے کا امکان

ملک میں سونے کی قیمت تین ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ صرف نومبر میں فی تولہ سونا سات ہزار روپے مہنگا ہوا۔

یکم نومبر کو فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار روپے تھی جو اب 2 لاکھ 21 ہزار ہوگئی ہے۔ جبکہ دس گرام سونا ایک لاکھ 82 ہزار 616 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 89 ہزار 472 روپے ہوگیا۔

صرافہ مارکیٹ کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ کا اثر مقامی سطح پر دیکھا جارہا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے باعث سونے کی عالمی قیمت میں اضافے کا رحجان ہے۔

یکم نومبر کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا فی اونس ایک ہزار 996 ڈالر کا تھا، جو تیس روز میں 68 ڈالر اضافے سے 2 ہزار 64 ڈالر ہوگیا ہے۔

بلین مارکیٹ کے جاری کردہ ریٹس کے مطابق آج سونے کی مقامی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار کی سطح پر برقرار رہی، لیکن عالمی ریٹ میں دو ڈالر اضافہ ہوا۔

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں شادی سیزن شروع ہونے کی وجہ سے بھی تیزی آئی ہے۔ امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت مزید بڑھے گی۔

واضح رہے کہ ستمبر میں ہولڈرز اور سٹہ مافیا کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کی بدولت سونا ایک لاکھ 88 ہزار کی سطح پر آگیا تھا، لیکن بلین مارکیٹ کی بااثر مافیا اُس وقت یہ ریٹ جاری نہیں کرتی تھی۔