پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، انٹرا پارٹی انتخابات میں علی امین گنڈا پور پارٹی صدارت کے امیدوار ہیں، جب کہ ووٹنگ کا مقام خفیہ رکھا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد کل ہوگا، جس میں پارٹی چیئرمین کے لئے بیرسٹر گوہر علی امیدوار ہیں۔ اور انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرادیے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تاہم ووٹنگ کی جگہ کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے، اور ووٹنگ کی جگہ صبح تک تبدیل کی جاسکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ انٹراپارٹی انتخابات میں علی امین گنڈاپور پارٹی صدارت کے امیدوار ہیں، ریجن کی صدارت کیلئے عاطف خان امیدوار ہیں، تاہم پارٹی کسی دوسرے امیدوار کو سامنے آنے سے روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔
ذرائع کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن میں رہنماؤں کی گرفتاریوں کا بھی خدشہ ہے، اس لئے پارٹی چاہتی ہے کہ تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوں۔