پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ جنید خان کو دیر میں ضمانت کے بعد چترال لے جایا گیا لیکن کے پی کے حکومت اگر جنید اکبر کو کچھ ہوا تو ہم صوبے میں آگ لگائیں گے۔
نوشہرہ میں پی ٹی آئی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے خطاب کیا اور سیاسی حریفوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نے 9 ارب روپے نوشہرہ کو دیے، پورے صوبے میں کنونشن کیے اور نوشہرہ نمبرایک پر آیا، لیکن پرویز خٹک کہتے ہیں کہ میں پی ٹی آئی توڑ دونگا لیکن پرویز خٹک آج آپ خود ٹوٹ گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمینٹرین پرویز خٹک کو مزید نشانہ بناتے ہوئے وکیل رہنما نے کہا کہ شکر ہے اس فرعون سے جان چھوٹی، پرویز خٹک اپنے آپ کو فرعون کہنے والا لوٹے سے بھی گرا ہوا نکلا، بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ آپ لوگوں نے اس فرعون کو ملیا میٹ کرنا ہے۔
شیرافضل نے مزید کہا کہ پختونخوا میں لیڈروں پر ایف آئی آر ہوئی ہیں لیکن ہم نے یہ عہد کیا ہے کہ پی ٹی آئی انتقام کی سیاست نہیں کریگی۔
انھوں نے کہا کہ نوشہرہ میں انتقام کی سیاست چل رہی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تحریک پاکستان کے نوجوانوں کو کہتا ہوں آپ موٹر سائکل ریلیاں نکالیں۔