ڈی آئی خان میں دہشت گرد حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے 23 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

درابن میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی ایف آئی آر میں 7ATA سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ہلاک 4 دہشتگردوں سمیت 15 سے 20 نامعلوم ماسٹر مائنڈ و فرار ہونے والے دہشتگردوں کے نام مقدمہ میں شامل کردیئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان گیریژن میں دہشت گردوں کے حملے کا مقابلہ کرتے ہوئے 23 بہادر جوان شہید ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران دو جوان شہید ہوئے۔

دوسری طرف گزشتہ روز ہی فورسز نے آپریشن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

گزشتہ روز واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 6 دہشت گردوں نے درابن کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوسٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، حملے کے بعد خودکش حملہ آور نے بھی خود کو اڑا دیا، دھماکوں میں عمارت گرنے سے 23 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی میں تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

نماز جنازہ کی ادائیگی

گزشتہ روز ہی ڈیرہ اسماعیل خان گیریژن میں دہشت گردوں کے حملے کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے 23 بہادر جوانوں کی نماز جنازہ ڈی آئی خان گیریژن میں ادا کی گئی تھی۔

نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور کے علاوہ حاضر سروس افسران، جوانوں، سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔

شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔