پشاور میں مردہ بھینسوں کا گوشت فروخت کئے جانے کا انکشاف، ملزمان گرفتار

پشاور میں مردہ بھینسوں کا گوشت فروخت کئے جانے کا انکشا ف ہوا ہے۔

محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے 2 مردہ بھینسیں برآمد کرلیں اور 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کے مطابق 3 بیوپاریوں اور2 قصائیوں کو 30دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ محکمہ خوراک کے حکام کا کہنا تھا کہ مردہ جانوروں کا گوشت رنگ روڈ پر ہوٹل کو سپلائی کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ تین دن قبل بھی محکمہ خوراک نے کارروائی کی جس میں جی ٹی روڈ پر دو مردہ گائیں قبضے میں لیکر ملزم کو 30 دن کیلئے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور کمال احمد نے جی ٹی روڈ پر فروٹ

منڈی کے مقام پر کارروائی کی تھی جہاں پر گاڑی میں دو مردہ گائیں پائی گئیں جن کو مرنے کے بعد ذبح کیا گیا تھا۔

اس پر محکمہ خوراک کے افسران نے مالک گرفتار کر لیا جبکہ محکمہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ اور فوڈ اتھارٹی کے حکام نے معائنہ کرتے ہوئے گوشت کو مضر صحت قرار دیا جس پر ملزم کو 30 دن کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔