فیصل آباد میں پیزا کے پیسے مانگنے پر ڈلیوری بوائے قتل

فیصل آباد میں پیزا کے پیسے مانگنے پر فائرنگ کر کے ڈلیوری بوائے کو قتل کر دیا گیا۔ 

پیزا ڈلیوری بوائے کو گزشتہ رات گولی ماری گئی تھی، کئی گھنٹے اسپتال میں زندگی موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ اسپتال میں دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق پیزا ڈلیوری بوائے کاشف رسول گزشتہ رات جڑانوالہ روڈ پر فیصل ٹاؤن میں پیزا ڈلیور کرنے گیا تھا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈلیوری بوائے نے پیزا دے کر بل مانگا تو ملزمان نے گالم گلوچ کی اور پیسوں کا تقاضا کرنے پر ڈلیوری بوائے پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے ڈلیوری بوائے زخمی ہو اجبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ 

تاہم ڈلیوری بوائے کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دوران علاج انتقال کر گیا۔ 

پولیس کے مطابق ڈلیوری بوائے کاشف رسول تین بچوں کا باپ تھا، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔