معافی مانگنے کیلئے آنیوالے ٹرک ڈرائیور کو گولی مار دی گئی

گوجرانوالہ میں معافی مانگنے کیلئے آنے والے ٹرک ڈرائیور کو گولی مار دی گئی۔ ٹرک ڈرائیور عاشق نے ایک ہفتہ قبل لاہور میں ٹرک چلاتے ہوئے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوجوان کے ورثا نے فائرنگ کرکے قصور کے رہائشی ٹرک ڈرائیور کو قتل کر دیا۔

ٹرک ڈرائیور عاشق ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوجوان کے گھر معافی مانگنے آیا تھا لیکن ورثا نے فائرنگ کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ تھانہ صدر کامونکی کے علاقہ میں پیش آیا، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق موٹر سائیکل سوار کی شناخت سمیع اللہ کے نام سے ہوئی تھی۔ متوفی کے ورثا نے واقعہ کا مقدمہ لاہور میں درج کروایا تھا۔