ٹریفک پولیس اہلکار کوجان سے مارنے کی دھمکی دینے والا کارسوار گرفتار

گلستان جوہر میلینئم مال کے قریب ٹریفک پولیس کے افسر کو اسلحہ دکھانے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے کار سوار کو شارع فیصل پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بدھ کی شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب ٹریفک پولیس کے اے ایس آئی یوسف نے سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار نمبر اے کے پی 312 کو روکا جس پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فینسی نمبر پلیٹ اور سیاہ شیشے لگائے گئے تھے۔

ٹریفک پولیس کے روکنے پر کار کے ڈرائیور نے اپنا نام فیضان علی خان بتایا اور کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے اسلحہ نکال کر جان سے مانے کی دھمکیاں دیں جس کے بعد موقع پر موجود دیگر  اہلکاروں اور ایس او نے مذکورہ شخص کو قابو کر کے فوری طور پر مدد گار 15 اور علاقہ پولیس کو طلب کر کے گرفتار کرایا۔

گرفتار ملزم کے خلاف شارع فیصل تھانے میں ٹریفک پولیس کے اے ایس آئی یوسف کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 06 سال 2024 بجرم دفعات 353 ، 186 اور 506 بی کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

مدعی کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کار سوار سے کہا گیا کہ اس کا چالان ہوگا تو وہ مشتعل ہوگیا، گالم گلوچ کی اور اپنا پستول نکال کر دھمکی دی کہ چالان مت کرنا ورنہ جان سے مار دوں گا۔

اے ایس آئی یوسف نے دیگر اہلکاروں سے مل کر مذکورہ شخص کو پکڑا اور نائن ایم ایم پستول قبضہ پولیس میں لے لیا جبکہ پستول کا لائسنس موجود تھا