مفتی تقی عثمانی پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کا ’سہولت کار‘ گرفتار

کراچی: سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ سولجر بازار میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔  

سی ٹی ڈی کے جاری اعلامیے کے مطابق  کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ انویسٹی گیشن پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سولجر بازار میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران دہشت گرد سید محمد مہدی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق گرفتار دہشت گرد مفتی تقی عثمانی پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کا سہولت کار ہے، گرفتار دہشت گرد پڑوسی ملک کے لیے بھی کام کرتا ہے اور اس نے دوران انٹروگیشن بتایا کہ ہائی ویلیو ٹارگٹ کی ریکی کرتا تھا جس کی اطلاع وہ اپنے ساتھی سید رضا جعفری اور عابد رضا کو دیتا تھا جو اپنے ٹارگٹ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا کرتے تھے۔

اعلامیہ کے مطابق واردات کے لیے ملنے والا اسلحہ و گولہ بارود اپلنے گھر میں رکھتا تھا اور ضرورت پڑنے پر اور ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کے لیے دستی بم ، اسلحہ اور گولیاں فراہم کرتا تھا جبکہ اس کے علاوہ وہ اسلحے کی خرید و فروخت کا بھی کام کرتا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم نے مزید بتایا کہ اس کے ساتھی سید رضا جعفری اور عابد رضا مفتی تقی عثمانی پر حملہ کرنے میں ملوث تھے اور انھوں نے کیے اہم شخصیات کو ٹارگٹ کیا ہے۔