غور طلب مسائل پر ایک نظر 

پی آئی اے نجکاری کا معاملہ منتخب حکومت پر چھوڑنے کا فیصلہ ایک صائب فیصلہ ہے اس قسم کے فیصلے جو نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ان کو الیکشن کے بعد جو بھی حکومت ایوان اقتدار میں بیٹھے اس کی صوابدید پر چھوڑنا ضروری ہے ۔بلوچستان ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے اچھا کیا جو بلوچستان سے ایک ایسے فرد کو الیکشن لڑنے سے روک دیا جس نے نیب کے ایک کیس میں 5 کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے سے انکار کیا تھا ‘آج قوم اسی قسم کے بولڈ فیصلوں کی الیکشن ٹریبونلز سے توقع رکھتی ہے تاکہ غلط قسم کے افراد کا راستہ اقتدار میں آنے سے روکا جا سکے ۔ اگر پاکستان سے وسطی ایشیا تک ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ کامیاب ہوتا ہے اور پہلے مرحلے میں جلال آباد اور پشاور کے درمیان ریل چلنا شروع ہو جاتی ہے تو یہ عمل پاکستان اور افغانستان دونوں کی معشیت کو چار چاند لگا دے گا اس ضمن میں آج کل پاکستان افغانستان اور ازبکستان تینوں ممالک کے نمائندے گفت و شنید میں مصروف ہیں۔ اگلے روز روس کے جس فوجی طیارے کے کریش ہو نے کی خبر آئی ہے سر دست اس کے بارے میں کچھ بھی وثوق سے نہیں کہا جا سکتا کہ کیا یہ واقعہ حادثاتی تھا یا یوکرائن نے اس کو میزائل سے نشانہ بنایا تھا ‘بہرحال یہ ایک حقیقت ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور جب تک امریکہ یوکرائن کی ہلہ شیری کرتا رہے گا اس نے ختم بھی نہیں ہونا ۔چین کی وزارت خارجہ کا یہ بیان کہ چین سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کے واسطے تیار ہے ایک خوش آئند پیش رفت ہے یہ وطن عزیز کے مفاد میں ہوگا کہ وہ اس پراجیکٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے ۔اس ملک کو جہاں اور کئی مسائل کا سامنا ہے وہاں سگ گزیدگی کا بھی وہ شکار ہے صرف پنجاب میں آوارہ کتوں کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب ہے اور اس کے شکار افراد کی ویکسی نیشن کےلئے 35 کروڑ روپے درکار ہیں ‘سگ گزیدگی کے شکار افراد کو اس کی ویکسین کے پیسے اپنی جیب سے ادا کرنے پڑتے ہیں کیونکہ سرکاری ہسپتالوں میں اس کی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔