وزیراعلیٰ کے پی کا پولیس شہداء کے ورثا کو رمضان پیکج میں شامل کرنیکا اعلان

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے  پولیس شہداء کے ورثا کو رمضان پیکج میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت صوبے میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پولیس کے لیے بکتر بند گاڑیوں اور  اسلحہ کی خریداری کے لیے3 ارب روپےجاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے پولیس شہداء کے ورثا کو رمضان پیکج میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ رمضان پیکج کےتحت پولیس شہداء کے ورثا کو 10، 10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس میں شہداء کے بچوں کو بھرتی کرنے کے لیے ون ٹائم کوٹہ مقررکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ون ٹائم کوٹے سے بھرتی کے منتظر تمام شہداء کے بچے بیک وقت بھرتی ہوسکیں گے۔

علی امین نے ہدایت کی کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا جائے، اہم شخصیات کو سکیورٹی دینے سے متعلق قابل عمل پالیسی تشکیل دی جائے۔