نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں ہم نے تجربات کیے اور مثبت چیزیں حاصل کیں: بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کرنے کے بعدکہا ہے کہ پچ کی کنڈیشن دیکھ کر بولرز کو استعمال کیا اور فتح ملی۔

ہفتے کو پاکستان نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 9 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

پاکستان نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم آخری اوور میں 169 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ 

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ کےلیےاس سیریزمیں بینچ اسٹرینتھ کوآزمایا، بینچ اسٹرینتھ کو موقع دینے سےکافی مثبت نتیجہ نکلا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں اپنے پلان پر عمل کر کے بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں اچھا کھیل پیش کیا، مختلف کمبینیشن کے ساتھ کھیلے ،سیریز میں انجریز بھی ہوئیں،ہم نے تجربات کیے اور مثبت چیزیں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ بہتری کا موقع ہمیشہ رہتا ہے، دیکھیں گے کہ بیٹنگ میں بولنگ میں کہاں غلطیاں ہوئیں ان پر قابو پائیں گے، ورلڈ کپ قریب ہےکوشش ہوگی کہ غلطیاں نہ ہوں۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی بہترین بولر ہے ، وہ کم بیک کرنا جانتا ہے، ہمارے لیے مڈل آرڈر فکر مندی کی بات ہے، عثمان خان نے پوری کوشش کی، ڈیبیو سیریز میں تھوڑا دباؤ ہوتا ہے جبکہ فیلڈنگ میں ہمیں ابھی محنت کرنی ہے اور بہتری لانی ہے۔