احسان اللہ کی انجری کا معاملہ: ڈائریکٹر پی سی بی میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز مستعفی

پاکستانی فاسٹ بولر  احسان اللہ کی انجری کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ  اسپورٹس سائنسز  ڈاکٹر  سہیل سلیم مستعفی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر  سہیل سلیم  نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھیج دیا ہے۔

خیال رہےکہ چیئرمین پی سی بی نےکھلاڑیوں کی انجریز کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی میڈیکل پینل پر احسان اللہ کی انجری کو غیرذمہ دارانہ طریقے سے ہینڈل کرنےکا الزام تھا۔

کھلاڑیوں کی انجریز  پر آج چیئرمین محسن نقوی کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹس موصول ہوئی تھی۔

اس حوالے سے جاری بیان میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میڈیکل کمیٹی سے تمام رپورٹس موصول ہو گئی ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  احسان اللہ، ارشد اقبال، ذیشان ضمیر اور شوال ذوالفقار کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں، ہم ان رپورٹس کا جائزہ لےکر جلد سامنے لائیں گے۔

انہوں نے پروفیسرڈاکٹر جاوید اکرم ، ڈاکٹر رانا دلآویز اور پروفیسر ڈاکٹر ممریز کا دس دن میں رپورٹس مرتب کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔