نامزد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی آج حلف اٹھائیں گے

پیپلز پارٹی کے نامزد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں 4 بجے منعقد ہو گی، تقریب میں شرکت کے لئے مہمانوں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی تھی۔ جس میں بلاول بھٹو کی جانب سے سردار سلیم کو گورنر پنجاب، فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کی تجویز دی گئی تھی جس پر وزیر اعظم نے اتفاق کر لیا تھا۔

دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کا شکار ہے، امن و امان کی صورتِحال اولین ترجیح ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا، کھینچا تانی نہیں چاہتا۔ وفاق نے صوبے کو سالانہ 100 ارب روپے دینے ہیں، مرکز کے ساتھ صوبے کی وکالت کریں گے، کوشش کروں گا ، فنڈز ملیں۔