گورنر کے پی کے کا تعلیمی اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا اعلان

گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبے کا تعلیمی معیار تباہ ہوچکا، تعلیمی اصلاحات کے لئے ایک ٹاسک فورس بناؤں گا۔

گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کرکے خیبرپختونخوا کے پراجیکٹ کی درخواست کی، وفاقی حکومت نے چشمہ لفٹ کنال کے لئے فنڈز مختص کیے، چشمہ لفٹ کنال کے لیے وفاقی حکومت نے سترا ارب رکھے ہیں،صوبائی حکومت نے بھی بجٹ رکھا ہے، امید ہےاس سال چشمہ لفٹ کنال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، چشمہ پراجیکٹ کے پمنگ بڑھا کر زیادہ زمین کو سیراب کر سکیں گے، اس منصوبے سے خیبرپختونخوا پورے ملک اور افغانستان کو گندم فراہم کرسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چکدرہ دیر چترال موٹر وے کو بھی جلد شروع کروایں گے، فاٹا اور پاٹا ٹیکسز کے لئے وزیراعظم نے کمیٹی قائم کی، قبائلی اضلاع کے ساتھ وعدہ پورا نہیں کیا گیا، سیلز ٹیکس فاٹا عوام کے لیے 24 فیصد رکھا ہے۔

دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے کہا کہ کے پی کے جنونی اضلاع دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں، دہشت گردی کے معاملے پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے بریفنگ لی جائے، وزیراعلیٰ لاء اینڈ آڈر پر ان کمیرہ اجلاس بلاکر ممبران کو اعتماد میں لیں۔

علی امین گنڈہ پور پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے اپنے ضلع میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، لوگ شام کے بعد گھر سے نہیں نکل سکتے، وزیراعلیٰ ٹریک سوٹ کی بجائے کھیلوں کے میدان آباد کریں، ہم دلیل اور دلائل کے ساتھ اپنا مقدمہ لے کر جائیں گے، چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے کے پی میں کرکٹ گراؤنڈ بنانے کا کہوں گا۔

شعبہ تعلیم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی کے 26 یونیورسٹیز کے وی سی تعیناتی کے حوالے سے کوئی سمری نہیں بھیجی، ہمارے صوبے کا تعلیمی معیار تباہ ہوچکا ہے، تعلیمی اصلاحات کے لئے ایک ٹاسک فورس بناؤں گا، صوبے کے حقوق کے لئے جرگہ بنائیں گے، ساری سیاسی جماعتوں کو شامل کرکے وفاق سے اپنے حقوق گیس پانی بجلی لوں گا۔