پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے ردعمل دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ جس بورڈ کا سربراہ محسن نقوی ہو اس سے یہی توقع کی جاسکتی ہے، محسن نقوی کو چئیرمین پی سی بی کا عہدہ سازشی ٹولے نے مینڈیٹ چوری کے انعام میں دیا تھا، نااہل ٹولے نے کرکٹ شائقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے ٹیم کی بڑی سرجری کا شوشہ چھوڑا ہے، سرجری خود محسن نقوی، شریف فیملی اور پوری سازشی ٹولے کی ہونی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چور وزیراعظم اور راج کماری نے ملک کے تمام اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچائے ہیں، ٹیم کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار براہ راست مینڈیٹ چور وزیراعظم اور محسن نقوی ہے، محسن نقوی کو فوری استعفیٰ دینا چاہیئے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا چئیرمین ایک پروفیشنل ذمہ دار بندہ ہونا چاہیئے، محسن نقوی کو تو پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاون سے وقت نہیں ملتا، نااہل اور کرپٹ حکمرانان کھیل کے شعبے میں بھی عہدوں کا بندر بانٹ کرتے ہیں، کھیل کے میدانوں کو سیاست سے پاک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ 9 جون کو بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی بدترین شکست کے بعد پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی پر سرجری کے حوالے سے بیان دیا تھا۔