کے پی کے ؛ سیکیورٹی فورسز کا آپریشنز ،5 دہشت گرد ہلاک

 سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند، ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان میں الگ الگ آپریشنز میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق  28-29 جولائی کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ آپریشنز میں کل پانچ دہشت گردوں ہلاک کردیا، ضلع مہمند میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا گیا جس کے دوران فتنہ الخوارج کے قاری سمیت تین دہشت گردوں  کو ہلاک کردیا گیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ اور اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ  ضبط کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کے پی کے پولیس کے پولیس کانسٹیبل ابرار حسین (مقامی ڈسٹرکٹ صوابی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا اور فائرنگ  کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے خارجی صفت اللہ عرف ملا منصور کو ہلاک کردیا گیا، جبکہ تین دیگر دہشت گرد زخمی ہوگئے۔

خارجی صفت اللہ 12 دسمبر 2023 کو درابن میں خودکش بم حملے میں سہولت کاری سمیت علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع میں ہونے والی تیسری کارروای میں فتنہ الخوارج کے ایک اور خارجی دہشت گرد کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔