پشاور: خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 روز میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 24 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوگئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے 150 گھروں کو نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تین روز کے دوران بارشوں اور سیلاب کے باعث 24 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے جب کہ بارش سے بند ہونے والی شاہراہیں کھولنےکیلئےچھوٹی بڑی مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبے میں آج سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا جو 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی، شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا جس میں ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کو مشینری کی دستیابی کی ہدایت کی گئی ہے۔