پشاور: خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے وزرا کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کے لیے ایکٹ میں ترامیم کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری تیار کرلی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی وزرا کی تنخواہیں اور الاؤنس ایکٹ 1975 میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ ایڈمنسٹریشن نے سمری تیار کرلی۔
وزرا کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی سمری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پشاور سےتعلق رکھنے والےصوبائی کابینہ ارکان کوبھی الاؤنس ملے گا اور پشاور سے تعلق اور اپنی رہائش گاہیں رکھنے والے ارکان کو سبسڈی دی جائے گی۔
خیبرپختونخوا کی کابینہ میں شامل پشاور سے تعلق رکھنے والے ارکان کو ماہانہ دو لاکھ روپے ہاؤس سبسڈی دی جائے گی، اسی طرح جن وزرا کو سیکیورٹی کا مسئلہ ہے اور پشاور میں قیام پذیر ہیں ان کو بھی الاؤنس ملے گا۔