ایک ہزار سال پہلے کی بات ہے ایک چیلے نے اپنے گرو سے یہ پوچھا کہ وہ اسے ایسی دوا یا خوراک تجویز کریں کہ اس کی عمر لمبی ہو جائے تو گرو جی نے اسے کہا کہ تم روزانہ جتنی روٹی کھا رہے ہو اس کو آ دھا کر دو جتنا پانی پی رہے ہو اس سے ڈبل پینا شروع کر دو اور جتنی پیدل واک کرتے ہو اس کا دورانیہ ڈبل کر دو۔ آج کا ڈاکٹر بھی مریض کو اسی قسم کی نصیحت کرتا ہے اور اس میں واقعی بہت حکمت پنہاں ہے موسم نے واقعی انگڑائی لے لی ہے کیونکہ راتیں اب خنک ہو چلی ہیں ان جملہ ہائے معترضہ کے بعد ایک نظر تازہ ترین ملکی اور عالمی حالات پر ڈالنا بے جا نہ ہو ہوگا اگر تو اسرائیل اور ایران کے درمیان براہ راست جنگ چھڑ گئی کہ جس کا کافی امکان نظر آ رہا ہے تو یہ مشرق وسطیٰ میں امن کے خاتمے کے تابوت میں آ خری کیل ثابت ہو سکتی ہے۔ طورخم بارڈر پر اگلے روز پاکستانی فورسز اور افغان فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد کشیدہ صورت حال کے پیش نظر سرحد بند کرنے کا جو واقعہ ہوا ہے وہ اس حقیقت کا غماز ہے کہ اس سرحد پر بارڈر مینجمنٹ کا جو سسٹم چلایا جا رہا ہے اس میں کوئی نہ کوئی سقم ضرور موجود ہے جو ہر تیسرے دن اس بارڈر پر مقیم ان دو ممالک کی فورس کے درمیان فساد رونما ہو جاتا ہے ہماری وزارت خارجہ اور داخلہ دونوں کو افغانستان کے
متعلقہ حکام سے اعلیٰ سطح پر فوری رابطہ کر کے اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنا ہوگا ورنہ یہ معاملہ اگر اسی طرح پھیلتا رہا تو یہ ان دونوں ممالک کی سلامتی کے لئے سم قاتل ثابت ہو سکتا ہے۔ صدر زرداری نے بڑے پتے کی بات کی ہے کہ ہم پڑوسی کی جنگ میں پڑنے کے نتائج کا اندازہ نہیں لگا سکے۔ ارشد ندیم کی وطن واپسی پر فقید المثال استقبال پر اس تجویز پر ہر ٹیلی ویڑن چینل کو سنجیدگی سے غور کرنا ضروری ہے کہ وطن عزیز کے مختلف کھیلوں کے بعض کھلاڑیوں نے ایسے ایسے کار ہائے نمایاں سر انجام دئیے ہوئے ہیں کہ جن کو سیلولائیڈ پر منتقل کرنا بہت ضروری ہے تاکہ ہر برس ان کی تاریخ پیدائش پر ان کے کھیل پر بنائی گئی دستاویزی فلموں کو ٹیلی کاسٹ کیا جائے تاکہ ملک کی نئی پود ان سے کچھ سبق حاصل کر سکے‘ اس ضمن میں ہم کچھ کھلاڑیوں کے نام ذیل کی سطور میں درج کئے دیتے ہیں پہلے ہاکی کو لے لیتے ہیں عبد الحمید جو حمیدی کے نام سے جانے جاتے تھے اس پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان تھے کہ جس نے 1960 میں روم اولمپکس میں
پہلی مرتبہ گولڈ میڈل جیتا تھا وہ رائٹ ان کی پوزیشن پر کھیلتے تھے ہاکی کے میدان میں ہی جن دوسرے پاکستانی کھلاڑیوں کے نام قابل ذکر ہیں وہ درج ذیل ہیں۔ حبیب علی کڈی‘ صلاح الدین‘ سمیع اللہ‘ سلیم اللہ‘ حسن سردار‘ شہناز‘ عاطف‘ خورشید عالم‘ تنویر ڈار‘ منیر ڈار اور اختر رسول کرکٹ کے کھیل جن کھلاڑیوں نے نام کمایا وہ یہ ہیں عبد الحفیظ کاردار‘ فضل محمود‘ حنیف محمد‘ وقار حسن‘ امتیاز احمد اورحسیب احسن سکواش کے کھیل میں یہ بات بلا کسی خوف و تردد کی جا سکتی ہے کہ پاکستان بلکہ دنیائے سکواش نے ہاشم خان جیسا کھلاڑی پیدا نہیں کیا جن کا تعلق پشاور کے قریب واقع گاو¿ں نواں کلی سے تھا، اسی طرح ان کے دو بھائیوں اعظم خان اور روشن خان بھی سکواش کے عظیم کھلاڑی تھے اور پھر ماضی قریب میں روشن خان کے بیٹے جہانگیر خان اور بعد میں جان شیر خان نے بھی سکواش کی دنیا میں بڑا نام کمایا پشاور کے گاﺅں نواں کلی سے ہی تعلق رکھنے والے ہدایت جہاں اور قمر زمان بھی اپنے وقتوں کے سکواش کے عظیم کھلاڑی تھے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں 77 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش و جذبے کے ساتھ منایا گیا تاہم ایک بات نے ہمیں ہی نہیں ہر باشعور پاکستانی کو پریشان کئے رکھا جب اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر سے بچوں کے ہاتھوں باجا یعنی باجے بجائے جانے کی اطلاعات ملیں‘ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسلام آباد میں اس بدتمیزی کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے تو ملک کے باقی حصوں میں کیوں اس پر کنٹرول نہیں کیا جا سکا۔