پاکستان کا آذربائیجان سے جے ایف-17 طیاروں کی فروخت کا معاہدہ

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان عسکری معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستان آذربائیجان کو جے ایف-17، بلاک تھری لڑاکا طیارے فروخت کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دوست ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان نے آذربائیجان کی فضائی طاقت کو بڑھانے کے لیے جے ایف-17، بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو حالیہ دورہ پاکستان کے دوران جے ایف-17، بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی جنگی صلاحیتوں اور دیگر مقاصد کے لیے اس کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

صدر الہام علیوف کے دورے کے بعد حکومت آذربائیجان کی درخواست پر پاکستان نے پی اے ایف کا دستہ باکو میں اے ڈی ای ایکس-2024 میں شرکت کے لیے بھیجا جس میں پاک فضائیہ نے صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ جے ایف-17 تھنڈر بلاک-تھری کی نمائش بھی کی۔

اس دوران جے ایف-17 نے پی اے ایف ملٹی رول ٹینکر ٹرانسپورٹ (ایم آر ٹی ٹی) طیارے سے آذربائیجان کے لیے ایئر ٹو ایئر فیولنگ بھی انجام دے کر طویل فاصلے تک پہنچنے کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی کیا۔

صدر الہام علیوف نے جے ایف-17 تھنڈر بلاک-تھری کی نمائش کا دورہ کرنے کے بعد جے ایف-17 تھنڈر کی جانب سے فضائی مظاہرے کا مشاہدہ بھی کیا جس میں پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتیں دکھاتے ہوئے طیارے کی تیزی اور دشمن سے نمٹنے کی صلاحیت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

جے ایف-17 تھنڈر بلاک-تھری ایک اے ای ایس اے ریڈار اور لانگ رینج بی وی آر سے لیس 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو عصری فضائی طاقت فراہم کرتے ہوئے جنگی مشن سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آذربائیجان کے بیڑے میں اس کی شمولیت سے ان کی قومی سلامتی کو مضبوطی میں مدد ملے گی۔

آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ یہ حمایت دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ عسکری تعاون کو مضبوط، دفاعی تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔