اسرائیل نےرات گئے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں زوردار حملے کیے جس کے نتیجے میں تین عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ حزب اللہ کے دو کمانڈر شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے حملوں کے دوران جنوبی لبنان کے طائر، داہیہ اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں حزب اللہ کے میزائل یونٹ کے کمانڈر محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل کو شہید کر دیا گیا جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ محمد علی اسماعیل نے اسرائیل پر کئی حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملوں کے دوران داہیہ میں ان تین عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جہاں راکٹ لانچر اور دیگر اسلحہ جمع کیا گیا تھا۔
دوسری جانب حزب اللہ کی طرف سے شمالی اسرائیل پر راکٹ حملے کیے گئے جس میں حیفہ اور شمالی اسرائیل کے دیگر شہروں کو درجنوں راکٹ سے نشانہ بنایا گیا جبکہ اسرائیلی فوج نے اکثر راکٹ فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔