تہران: حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی ذرائع نے بتایا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور اس سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
ایرانی عہدیداروں نے بتایا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو ملک کے اندر ہی محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران حزب اللہ کے رہنماؤں اور ان کے دیگر اتحادیوں کے ساتھ بدستور رابطے میں ہے تاکہ اسرائیل کے تازہ اعلان کے بعد اگلا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔
اسرائیلی فوج نے ہفتے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تصدیق کی تھی کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو شہید کردیا گیا ہے، جس کے بعد ان کے ہیڈاکوارٹرز پر ہونے والے بدترین حملے کی صورت حال واضح ہوگئی تھی۔
دوسری طرف خامنہ ای نے ایکس پر بیان میں کہا تھا کہ لبنان میں غیرمسلح شہریوں کی شہادت سے صہیونی حکومت کی وحشیانہ فطرت آشکار ہوگئی ہے اور یہ بات بھی سامنے آگئی ہے کہ قابض حکومت کے رہنماؤں کی پالیسیاں کس قدر تنگ نظر ہیں۔