بیروت،بربادی کے دہانے پر 

 بیروت کو کسی زمانے میں مشرق وسطیٰ کا پیرس بھی کہا جاتا تھا اور وہ اس لئے کہ ہر وہ پر تعیش چیز جو پیرس میں ملتی تھی وہ بیروت میں بھی بآسانی دستیاب تھی لہٰذا عیاش طبع لوگ بیروت کا رخ کرتے پھر بیروت کئی برسوں تک سول وار کا شکار ہوا اور اس کی اینٹ سے اینٹ بجتی رہی‘ آج کل وہ پھر وہ جنگ و جدل کا ایک مرتبہ پھرشکار نظر آ رہاہے بیروت میں مسلمانوں کے ساتھ عرصہ دراز سے عیسائیوں کی بھی اچھی خاصی تعداد رہ رہی ہے۔ ان ابتدائی کلمات کے بعد چند تازہ ترین واقعات کا تجزیہ کریں گے پر اس سے بھی پہلے اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ سیاست اور militancy یعنی عسکریت پسندی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں وطن عزیز میں بد قسمتی سے سیاست میں عسکریت پسندی کا جو رحجان جڑ پکڑ رہا ہے وہ اس ملک کی بقاء کے لئے سم قاتل سے کم نہیں ہے؛یہ خبر اس ملک کے عام آدمی کے لئے تشویش ناک ہے کہ2013ء سے 2021ء تک ریلوے کے ایک ہزار سے زائد حادثات رونماہوئے ہیں جن میں 600 مسافر جاں بحق ہوئے ہیں ریلوے اس ملک کے عام آدمی کی سواری ہے جو 1947ء میں فرنگی تقسیم ہند کے وقت بڑی اچھی حالت میں وراثت میں ہمارے لئے چھوڑ گئے تھے مقام افسوس ہے کہ کجا ہم اس میں مزید امپرومنٹ کرتے ہم نے اس پر خاطر خواہ توجہ نہ دے کر اس کا گزشتہ 70 برسوں میں ستیاناس کر دیاہے اب بھی پورا وقت ہاتھ سے نکلا نہیں وقت کا تقاضاہے کہ پشاور سے کراچی اور کوئٹہ تک ریلوے ٹریک کو درست کیا جائے وزراء اور دیگر حکام ٹرین میں باقاعدگی سے سفر کرنے کی ریت ڈالیں‘ اس ضمن میں سی پیک کے منصوبے کو وہ برو ئے کار لا سکتے ہیں‘اسی طرح ہر بڑے شہر میں کراچی کے پرانے ٹرام سسٹم کی طرح ٹرام سسٹم شروع کیا جائے تاکہ اندرون شہر عام آدمی کو ایک سستے اور محفوظ ٹرانسپورٹ کی سہولت میسرہو اور ملک میں فضائی آلودگی بھی کم ہو سکے۔ چین کی حکومت نے یہ مطالبہ کر کے تمام عالم انسان کا دل جیت لیاہے 
کہ اقوام متحدہ آ زاد فلسطینی ریاست کے قیام کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ ملک میں بے روزگاری کا جو عالم ہے اس کا اندازہ آپ اس بات سے لگائیں کہ خیبر پختونخوا پولیس میں 1500 اسامیوں کے لئے ایک لاکھ امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ یہ خبر بھی نہایت ہی تشویش ناک ہے کہ کوئٹہ اور اسلام آباد میں زیر زمین پانی کی سطح کافی کم ہو گئی ہے اور بلوچستان کے دارالحکومت کا تو گھوسٹ سٹی بننے کا بھی خدشہ ہے کہ پانی کی عدم دستیابی سے لوگ نقل مکانی پر مجبورہو سکتے ہیں۔ اسلام آباد کے پانی میں تو نائیٹریٹ کی آ لودگی بھی بتائی جا رہی ہے جو انسانی صحت کے واسطے بہت مضرہے ان دو امور کی جانب ارباب اقتدار کی خصوصی توجہ درکارہو گی ملک بھر میں اگر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موٹر سائیکل بغیرہیلمٹ کے چلا رہی ہے تو دوسری جانب نوجوان طبقہ ون ویلنگ کر رہا ہے اور اس طرح بے شمار لوگ گر کر جاں بحق یا معذورہو رہے ہیں کیونکہ ٹریفک پولیس ان کے ساتھ نرمی کا برتاؤ کر رہی ہے۔ شاہد خاقان عباسی گزشتہ چند ماہ سے عوام پاکستان پارٹی کے نام سے ایک نئی سیاسی پارٹی کے قیام کی کوشش تو کر رہے ہیں پر دیکھنا یہ ہے کہ وہ اپنی کوشش میں کس قدر کامیاب ہوتے ہیں کیونکہ کسی بھی نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل جان جوکھوں کا کام ہے۔افغانستان کی سر زمین سے دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کے واسطے پاکستان‘ ایران‘ چین اور روس کے حکام کا اگلے روز نیویارک میں آ پس میں سر جوڑ کر بیٹھنا ایک صائب اقدام ہے اگر ایران‘ چین اور روس افغانستان پر اس ضمن میں مشترکہ دباؤ ڈالیں تو اس کا مثبت نتیجہ نکل سکتاہے اور اس سے یقینا امریکہ کی بھی اس علاقے میں پاکستان کے خلاف کسی دہشت گرد تنظیم کی ہلہ شیری کرنے کی حوصلہ شکنی ہو سکتی ہے اگلے روز مسقط سے پشاور آ نیوالی قومی ائر لائنز کی ایک پرواز کا ہائی ڈرالک سسٹم جب فیل ہوا تو اسے ہنگامی طور پر کراچی میں لینڈ کروادیا گیا اس قسم کی اچانک فنی خرابیوں سے پی آئی اے کافی عرصے سے دو چار ہو رہی ہے جس سے اس کی شہرت کو گھن لگ رہا ہے‘جن لوگوں نے قومی ائر لائن کے اچھے دن دیکھے ہیں وہ اپنی قومی ائر لائن کی زبوں حالی پر خون کے آنسو روتے ہیں کیونکہ ایک زمانے میں پی آئی اے کا شمار دنیا کی پہلی چھ بہترین ائر لائنز میں ہوا کرتا تھا۔