وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام کی منظوری کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ موجودہ قرض پروگرام آئی ایم ایف کا آخری قرضہ ہوگا گو کہ اس سے قبل بھی کئی حکمران ایسی ہی خواہش کا اظہار اور دعوے کر چکے ہیں جو تعبیر سے محروم دیکھے گئے خواب ثابت ہوئے، تاہم آئی ایم ایف کے پاکستان کیلئے مشن ڈائریکٹر نیتھن پورٹر نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان سے ان لفظوں کی اضافت کے ساتھ اتفاق کیا کہ اگر پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یقیناً یہ اس کا آخری قرض پروگرام ہوسکتا ہے۔ گویا دوسرے لفظوں میں پاکستان میں تعینات آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر نے قرضوں کے استعمال میں معاشی تجاویز پر عمل کرنے کیلئے پاکستان کو ایمانداری کی تلقین بھی کی ہے۔